Tuesday, 16 December 2014

پشاور میں پاک فوج کے اسکول پر دہشتگردوں کے حملے میں 84 بچوں سمیت104 شہید

No comments :


پشاور واقعے پر خیبر پختونخوا حکومت نے 3 روزہ سوگ کا اعلان کردیا ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا
پشاور: ورسک روڈ پر واقع پاک فوج کے زیر انتظام اسکول پر دہشتگردوں کے حملے میں جام شہادت نوش کرنے والوں کی تعداد 104 ہوگئی ہے جبکہ سیکیورٹی فورسز دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کررہی ہے۔
پشاور میں الیکشن کمیشن کے صوبائی صدر دفتر کے قریب ورسک روڈ پر واقع پاک فوج کی رہائشی کالونی سے متصل آرمی پبلک اسکول میں نصابی سرگرمیاں جاری تھیں کہ سیکیورٹی فورسز کی وردی میں ملبوس دہشت گرد اسکول کی عمارت کے عقبی حصے سے دیوار پھلانگ کر اندر گھس آئے اور فائرنگ شروع کردی۔ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے اسکول اور علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اسکول میں فوجی دستوں کا  آپریشن جاری ہے اور اس دوران سیکیورٹی اہلکاروں اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہورہا ہے۔ اس کے علاوہ پولیس نے بھی علاقے میں اپنی نفری کو بڑھا دیا ہے تاکہ کوئی بھی دہشتگردعلاقے سے بچ نکلنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے دہشتگردوں کی اس مذموم کارروائی میں 104 افراد کی شہادت کی تصدیق کی ہے،جن میں 84 بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں میں سے 45 سے زائد شدید زخمی ہیں۔ اس کے علاوہ جوابی کارروائی میں اب تک 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہےجبکہ ایک نے خودکو دھماکہ خیز مواد سے اڑایا ہے


No comments :

Post a Comment